لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے کہا ہے کہ خانیوال میں ن لیگ کی غنڈہ گردی کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ چھانگا مانگا کی سیاست کرنیوالے بوکھلا کر اب چادر چاردیواری کا تقدس پامال کر رہے ہیں۔
حسن مرتضیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ میر واثق ترمذی کے گھر پر حملہ کرنیوالوں سے پنجاب چھین لیں گے۔ پولیس حملہ آوروں کیخلاف فوری مقدمہ درج کر کے گرفتار کرے۔
انہوں نے کہا کہ 85ء میں پیسے دیکر وزارت اعلی لینے والی جماعت نے سیاست کو فلتھ ڈپو بنایا۔ اصغر خان کیس کے بدکردار خانیوال کی سیٹ سے بھی ہاتھ دھوئیں گے۔ خانیوال کی سیٹ پر ن لیگ کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ خانیوال میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن 16 دسمبر کو ہو رہا ہے ۔ الیکشن میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔