ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

09:52 PM, 14 Dec, 2021

کراچی: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 163 رنز بنا سکی ۔ 

پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 14 کے اسکور پر کپتان بابراعظم صرف 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ فخرزمان بھی مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ہوئے اور 5 گیندوں پر 10 رنز بنا کر اکیل حسین کا نشانہ بنے۔

رضوان نے دو اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا تھا کہ اسمتھ نے ان کی 38 رنز کی اننگز کا اختتام کردیا۔

حیدر علی اور افتخار احمد نے پاکستان کا اسکور 109 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ اسمتھ نے نوجوان بلے باز حیدر علی کو آؤٹ کردیا۔ نوجوان بلے باز نے 34 گیندوں کا سامنا کرکے 31 رنز بنائے تھے، جس میں 4 چوکے شامل تھے۔

آل راؤنڈر محمد نواز بھی صرف ایک رن کا اضافہ کرپائے اور 111 کے اسکور پر واش کو وکٹ دے گئے۔ آصف علی 7 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 17 ویں اوور میں 124 رنز تک پہنچ چکا تھا۔

افتخار احمد اور شاداب خان نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور ایک اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 141 رنز تک پہنچایا۔ افتخار احمد کی 19 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔

شاداب خان نے محمد وسیم کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو ایک معقول ہدف تک پہنچایا تاہم وسیم 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حارث رؤف کو بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈیئن اسمتھ کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ میں شان دار باؤلنگ کرنے والے محمد وسیم نے 17 کے اسکور پر شے ہوپ کی قیمتی وکٹ حاصل کرلی۔ شےہوپ 6 گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 31 رنز پر گری جب محمد نواز کی گیند پر شمار بروکس 10 رنز کی اننگز کھیل کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ 85 ، چوتھی 102 ، پانچویں 118 ، چھٹی 127 ، ساتویں اور آٹھویں وکٹ 131 اور نویں وکٹ 149 رنز پر گری۔ 

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 ،محمد نواز ,حارث رؤف اور محمد وسیم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزیدخبریں