اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ملازمین کے لیے زبردست خوشخبری ہے کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافےکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔
پے گروپ ایک اور 2 کے ایڈمن سمیت ٹیکنیکل اسٹاف کی تنخواہوں میں25 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ پےگروپ 3اور4کےایڈمن اور ٹیکنیکل اسٹاف کی تنخواہوں میں20 فیصداضافہ کیا گیا ہے۔
انجینئرنگ افسر، پے گروپ 5 اور 6 کے افسران کی تنخواہوں میں 15 فیصد، ایئر کرافٹ انجینئرز، کاک پٹ کریو، جنرل منیجرز اور پے گروپ 7 تا 9 کیلئے 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اضافے کا اطلاق کنٹریکٹ ملازمین پر نہیں ہو گا۔ ملازمت سے برطرف اور جبری ریٹائرڈ ملازمین بھی اضافے کے اہل نہیں اور ایسے ملازمین جو 4ماہ سے زائد بغیر تنخواہ رخصت پرہیں ان کی تنخواہوں میں بھی اضافہ نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چھٹیوں سے واپس آکر کام شروع کرنے پر ملازمین اضافے کے حقدار ہوں گے۔