لاہور : سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں ۔ آئندہ الیکشن میں فائدہ نقصان دونوں جماعتوں کا اکٹھا ہو گا ۔ سینیٹ الیکشن ہوں یا فضل الرحمن کا دھرنا ختم کروانا ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں۔
مسلم لیگ ق قصور کے صدر سابق ایم پی اے وقاص حسن موکل اور عمر مجید وڑائچ نے چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کی ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے تھا پنجاب اسمبلی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ ، نکاح نامہ میں ختم نبوت کا کالم شامل کرنا، ایف اے تک قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ اور پرائمری تک ناظرہ پڑھانا جیسی قانون سازی کی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادیں مضبوط ہوئیں اورنئی نسل کو بے راہ روی سے بچایا۔پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ پاکستان سمیت پوری دنیا میں ایک ورثہ ہے جس میں اسلام، ثقافت اور دین کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی۔سیاست میں ہمیشہ عوام کی پروا کرنی چاہئے۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ووٹ دئیے ان کے مسائل حل کرنا ہی انسانیت کی خدمت ہے۔جب بھی موقع ملا عوام کیلئے فلاحی کاموں کا جال بچھایا۔ہماری سیاست کا مقصد عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔