بھارت میں گائے 20 گرام سونے کی چین نگل گئی

06:07 PM, 14 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی: بھارت میں گائے پوجا کے دوران سونے کی چین نگل گئی جس کی تلاش کے لیے اہلخانہ کئی روز تک گائے کا گوبر چیک کرتے رہے۔

ہندو برادری میں گائے کی پوجا کے دوران اسے سونے کے زیورات بھی پہنائے جاتے ہیں اور پھر پوجا کے بعد اتار لیے جاتے ہیں لیکن بھارت کی ریاست ناٹک کے ایک رہائشی کی گائے دوران پوجا سونے کی چین نگل گئی۔

بھارتی شہری سری کانتھ پوجا کے بعد جب گائے کے گلے میں ڈالی 20 گرام سونے کی چین اتارنے لگا تو معلوم ہوا کہ چین تو گائے کے گلے میں موجود ہی نہیں جس کے باعث انہیں کافی پریشانی ہوئی اور باڑے میں تلاش کے باوجود نہیں ملی۔

شہری کے اہلخانہ کو شک گزرا کے گائے سونے کی چین نگل گئی ہے جس پر وہ تین ہفتے تک گائے کا گوبر چیک کرتے رہے لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ گائے کو لے کر جانوروں کے اسپتال پہنچ گئے۔

جانوروں کے اسپتال میں جب گائے کا ایکسرے کیا گیا تو معلوم ہوا کے سونے کی چین گائے کے پیٹ میں موجود ہے جس پر ڈاکٹر نے گائے کے مالک کی اجازت کے بعد آپریشن کر کے سونے کی چین نکال لی ۔

مزیدخبریں