لاہور :محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، جس کےبعد خوبصور ت وادیوں کی دلکشی اور نکھر گئی ہے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی لیپا میں موسم سرما کی پہلی بارش سے جہاں سردی میں اضافہ ہوا وہیں فضا بھی خوشگوار ہوگئی ہے، مری میں سیزن کی پہلی برفباری ہوئی، سیاح بڑی تعداد میں موسم اور نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے گلیات کا رُخ کرنے لگے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوگئی،پربتوں اور شاہراہوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی،آزاد کشمیر حسین وادیوں اور دلکش نظاروں کیلئے مشہور وادی لیپہ میں چار چار انچ تک برف کی تہہ جم گئی جس کے بعد سردی کی شدت میں اضاف ہوگیا،سیاح بھی برفباری انجوائے کرنے پہنچ گئے۔
آزادکشمیر کے ہی ضلع باغ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سدھن گلی ،نیلابٹ،گنگا چوٹی اور حاجی پیر میں نظارے دھل کر نکھر گئے،پلندری آزادکشمیر کے علاقے سدھنوتی تراڑ کھل میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے ساتھ سرد ہوائیں چلنے لگیں۔