اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پلندری آزادکشمیر کے علاقے سدھنوتی تراڑ کھل میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد پربتوں اور شاہراہوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، جبکہ یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔دلکش نظاروں کیلئے مشہور آزاد کشمیر کی حسین وادیوں میں سیاح سیر کیلئے پہنچ گئے۔آزادکشمیر کے ہی ضلع باغ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری نے نظارے اور بھی خوبصورت بنا دئیے۔سدھن گلی ،نیلابٹ،گنگا چوٹی اور حاجی پیر کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، وادی لیپہ میں بھی چار چار انچ تک برف کی تہہ جم گئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی تھی، محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخواہ ،اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا تھا۔محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سسلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس سے شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔