لاہور: وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید کا کہنا ہے کہ لاہور کے لارڈ مئیرکیلئے کوئی نام فائنل نہیں ہوا، وہ ذاتی طور پر لارڈ مئیر کے امیدوار نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں شفافیت کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کی جائے گی، میئر کیساتھ منتخب ہونے والوں کی الگ کابینہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں 3 ہزار سے زائد ولیج کونسلز ہوں گی جبکہ ضلعی کابینہ میں خواتین اور ٹیکنوکریٹس بھی شامل کئے جائیں گے۔
دوسری جانب میاں محمود الرشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی قانون تاریخی ثابت ہوگا، 5 اتھارٹیز قائم کی جائیں گی جو مکمل بااختیار اور خود مختار ہوں گی۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ لوگوں کے مسائل اب مقامی طور پر حل ہوں گے،،شہریوں کی شکایات کے اندراج کیلئے ٹربیونل قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلدیاتی قانون سے پتہ چل جائے گا کون جمہوریت کا علمبردار ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پارٹی اجلاس میں ابتدائی طور پر لاہور کے لارڈ میئر کے لیے وفاقی وزیر حماد اظہر، وزیر بلدیات میاں محمود الرشید اور سینیٹر ولید اقبال کے نام تجویز کئے گئے تھے ۔تاہم محمود الرشید نے لارڈ میئر کے لئے معذرت کر لی تھی، ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں کی اکثریت لاہور کے لارڈ میئر کے لئے حماد اظہر کو امیدوار بنانا چاہتی ہے ۔
لاہور کے لارڈ مئیرکیلئے کوئی نام فائنل نہیں ہوا: میاں محمودالرشید
12:50 PM, 14 Dec, 2021