واشنگٹن : امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ کابل میں ہونے والے ڈرون حملے پر کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پینٹاگون جان کربی نے کہا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو کابل پر ہونے والے ڈرون حملے سے متعلق رپورٹ ملی جس میں احتساب کی تجویز نہیں تھی۔جان کربی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ عمل درآمد میں کوتاہی تھی، غفلت، بے انتظامی اور ناقص قیادت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع نے کابل حملے سے متعلق رپورٹ میں دی گئی تجاویز کی منظوری دیدی ہے لیکن انہوں نے مزید احتسابی عمل کے لیے ہدایات نہیں دیں۔
یاد رہے کہ 29 اگست کو امریکی ڈرون حملے میں 7 بچوں سمیت 10 معصوم افغان شہری مارے گئے تھے۔امریکی حکام کی جانب سے پہلے کہا گیا تھا کہ کابل میں ڈرون حملہ شدت پسندوں کا گڑھ سمجھ کر کیا گیا تھا، ابتدائی رپورٹ کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مکینزی نے معافی بھی مانگی تھی۔
امریکی ائیر فورس کے انسپکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سمیع ڈرون حملے کو افسوسناک اور صریحاً غلطی قرار دے چکے ہیں ۔