اسلام آباد ، سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ۔ کاؤنٹر ٹیرر ڈیپارٹمنٹ نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ۔
سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشتگردوں نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج میں دہشتگردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا ۔دہشتگردوں سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیاگیا ۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشتگرد راولپنڈی میں جنوری ،مارچ ،جو ن اور دسمبر میں ہونے والی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ دہشتگردوں کو خفیہ اداروں کی اطلاع پر اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں دہشتگردوں نے 4 شہریوں کے قتل اور 30 سے زائد کو زخمی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے ۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزمان نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور اس کے لئے انہوں نے مکمل تیاری کی ہوئی تھی ۔ دہشتگردوں کا بیرون ملک دہشت گرد تنظیم سے رابطہ تھا ان کے قبضے سے اسٹاک ایکسچینج کا نقشہ اور دیگر اہم مواد بھی برآمد ہوا ہے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کو تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔