سیالکوٹ: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام ہوا ہے اور مریم نواز مان لیں کہ ان کی پارٹی میں بغاوت ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ لاہو رکے مینار پاکستان میں عدالتوں کا مفرور اشتہاری خالی کرسیوں کو اپنا بیانیہ سناتا رہا ۔ان کا بیانیہ سننے کے لئے ان کے اپنے شہر میں اپنے گھر میں کوئی نہ تھا ۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا استعفے پیدل چل کر آرہے ہیں استعفے دینے کا شور مچانے والوں میں سے کسی کا بھی استعفیٰ سپیکر تک نہیں پہنچا ۔ چند سو چمچوں کے علاوہ کوئی بھی ان کے غلیظ بیانئے کو سننے کے لئے مینار پاکستان میں موجود نہ تھا ۔ یہ اس ٹولے کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ یہ ناکام ٹولہ میڈیا میں جلسے کی کامیابی کی بھڑکیں مار رہے ہیں ۔ راجکماری کی زیرصدارت اجلاس میں ٹولے کے بڑوں کی کلاس لی جارہی ہے ۔ حالانکہ ان کارکنوں کا کوئی قصور نہیں ہے ۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چند چمچوں کے علاوہ کوئی بھی پی ڈی ایم کا بیانیہ سننے کو تیار نہیں ۔ان کے ملک دشمن بیانئے کو سننے کو کوئی بھی تیار نہیں ہے،ناکام جلسے پر مریم نوا زمان لے ان کا جلسہ ناکام ہوا ہے ،پی ڈی ایم کے پاس عوام کی بہتری کے لئے کوئی منصوبہ نہیں ۔
ان کے حکم پر کوئی بھی ایم پی اے یا ایم این اے استعفیٰ نہیں دے گا اور ان کو مان لینا چاہئے ۔ ان کے شہر میں ہی ان کے عوام نے ان سے منہ پھیر لیا ہے ۔ اب بھی وقت ہے اپنے آپ کو سدھاریں ۔
فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور ان کو بھی سمجھ لینا چاہئے ۔ یہ حکو مت ہی عوام کے لئے امید کا واحد چراغ ہے جس کو یہ بجھا نا چاہتے ہیں لیکن ان کی پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہیں جاسکے گا ۔
عوام نے دیکھا کہ ایک کھلاڑی نے کس طرح گیارہ اناڑیوں کو چاروں شانے چت کردیا ۔ انہوں نے عمران خان کو ناکام دکھانے کی کوشش کی جو عوام نے مسترد کردی ۔
انہوں نے کہا کہ راجکماری نے جو کنواں کھودا اس میں سب کو گراد یا ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے نظام اور اداروں کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں ، ہمارا فوکس مہنگائی کے جن کو بوتل میں قابو کرنا ہے ہم بیروزگاری کو ختم کرکے پڑھے لکھے نوجوانوں کو قابلیت کے مطابق نوکریاں دینا ہے ۔ہمارا ٹارگٹ بے گھر افراد کی چھت کا بندوبست کرنا ہے ہماری ترجیحات میں مستحق نادار اورپسا ہوئے طبقے کے لئے بنیادی سہولتوں کویقینی بنانا ہے ۔