اوچ شریف: لڑکی کا عمر رسیدہ دلہا کیساتھ شادی سے انکار، 15 پر کال کرکے پولیس بلالی

01:34 PM, 14 Dec, 2020

اوچ شریف: پولیس کے مطابق لڑکی کی مرضی کے بغیر اس کی بڑی عمر کے شخص کیساتھ زبردستی شادی کی جا رہی، لڑکی نے گھر والوں کے سامنے انکار کیا، تاہم وہ نہیں مانے تو اس نے مجبوراً 15 پر کال کرکے پولیس کو بلا لیا۔

تفصیل کے مطابق یہ واقعہ صوبہ پنجاب کے علاقے اوچ شریف میں گزشتہ روز پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکی کی عمر ابھی صرف 16 سال ہے، اس کی پہلے سے شادی شدہ شخص کیساتھ زبردستی شادی کی جا رہی تھی۔

مشتاق نامی شخص اپنی نوعمر دلہن کو بیاہنے نواحی علاقے اوچموغلہ پہنچا تو لڑکی نے عمر رسیدہ شخص کو دیکھتے ہی شادی سے انکار کر دیا اور سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ او بچوں کے باپ سے کسی صورت شادی کرے گی۔

اس موقع پر دونوں خاندانوں نے لڑکی کی منت سماجت کی اور اسے شادی کیلئے راضی کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ نہ مانی، تاہم جب زبردستی کی کوشش کی گئی تو لڑکی نے فوری طور پر فون کے ذریعے 15 پر کال کرکے پولیس کو طلب کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی تفتیش کے دوران پتا چلا کہ لڑکی ابھی نابالغ ہے اور ابھی اس کا شناختی کارڈ بھی نہیں بنا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور اس کے رشتہ داروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وہ معافیاں مانگ کر وہاں سے دلہن لئے بغیر ہی واپسی چلے گئے۔

مزیدخبریں