ویسٹ انڈیز کودوسرے ٹیسٹ میں شکست،نیوزی لینڈ کا سیریز میں کلین سویپ

01:13 PM, 14 Dec, 2020

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 12رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 460رنز کے تعاقب میں پہلی اننگز میں 131رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی اور کیوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت دوسری اننگز میں بھی 317پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز نکولس ہنری کو میچ جبکہ کائل جیمسن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔  ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 244رنز 6کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان جیسن ہولڈر 60اور ڈا سلوا 25رنز ر کھیل رہے تھے۔ کپتان جیسن ہولڈر اپنی گزشتہ روز کی اننگز میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد 61رنز بناکر ٹم ساوتھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

الزاری جوزف ویسٹ انڈیز کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24رنز بناکر ٹم ساوتھی کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔جوشاڈاسلوا نے بھی تھوڑی مزاحمت کا مظاہرہ کیا تاہم وہ بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 57رنز بناکر واگنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔شینن گبرائل ویسٹ انڈیز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے  واگنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ چمارہولڈر 13رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 317رنز پر آؤٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے پہلے کی طرح دوسرے میچ میں بھی کالی آندھی کو ایک اننگز اور بارہ رنز سے شکست دیکر دومیچوں کی سیریز میں مشن کلین سویپ مکمل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے دوسری اننگز میں ٹرینٹ بولٹ اور نیل واگنر نے تین، تین جبکہ ٹم ساوتھی اور کائل جیمسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز نکولس ہنری کو میچ جبکہ کائل جیمسن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

مزیدخبریں