محمود خان اچکزئی کا لاہوریوں بارے بیان، فیاض الحسن چوہان کی شدید مذمت

12:16 PM, 14 Dec, 2020

لاہور: وزیر کالونیز وجیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں لاہوریوں کے متعلق تضحیک آمیز بیانات انتہائی قابل مذمت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم اور بیگم صفدر اعوان کی موجودگی میں لاہور کی عوام کی توہین کی۔ حقیقت یہ ہے کہ محمود خان اچکزئی، بلوچی گاندھی عبدالصمد خان اچکزئی کا بیٹا ہے، جس نے قائداعظم اور تحریک پاکستان کی مخالفت میں کانگریس اور ہندوؤں کا ساتھ دیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے آج تک نہ پاکستان کو دل سے تسلیم کیا، نہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور نہ جھنڈا لہرایا۔ محمود خان اچکزئی این ڈی ایس اور را کا ایجنٹ ہے اور کھل کھلا کر پختونستان کی بات کرتا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عبدالصمد خان اچکزئی اور محمود خان اچکزئی نے آج تک انگریزوں کی غلامی کی ہے۔ بیگم صفدر اعوان، محمود خان اچکزئی اور خواجہ سعد رفیق کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہوری اسلام، جمہوریت اور انسانیت کے لیے چلنے والی ہر تحریک کا ہراول دستہ رہے ہیں۔ بیگم صفدر اعوان، محمود خان اچکزئی کی جانب سے لاہوریوں سمیت پوری پاکستانی قوم سے معافی مانگیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے لاہوریوں پر انگزیز دور میں سامراجیوں کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔

ان کے اس بیان پر ناصرف حکمران جماعت کے وزرا جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید مذمت کی اور اسے زندہ دلان لاہور کی توہین قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں