بھارتی فوج کی ایک بار پھر اشتعال انگیزی، ایل او سی پر بھاری گولہ باری، 45 سالہ شہری زخمی

07:25 AM, 14 Dec, 2020

راولپنڈی: قابض بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی بلا اشتعال فائرنگ سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک 45 سالہ شخص زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے علاقے چڑی کوٹ سیکٹر پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

بھارتی فوج نے جان بوجھ کر مارٹر گولوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا۔ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی ظالمانہ کارروائیوں کیخلاف پاکستان متعدد مرتبہ صدائے احتجاج بلند کر چکا ہے لیکن دوسری جانب سے ہٹ دھرمی برقرار ہے۔

9 دسمبر کو بھی قابض بھارتی فوج نے تتہ پانی کے علاقے میں شہری آبادی پر فائرنگ کرکے ایک 55 سالہ خاتون کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

سینئر بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ تھماتے ہوئے اس پر واضح کیا گیا کہ انڈین فوج کی جانب سے شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جاتا ہے، یہ اشتعال انگیزی ناقابل قبول ہے، بھارت اپنی فوج کو ایسی حرکتوں سے روکے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری یقینی بنائے۔

شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بڑھتے واقعات پر احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ناصرف بین الاقوامی قوانین بلکہ انسانیت کے بھی خلاف ہے۔ یہ اشتعال انگیزیاں امن وسلامتی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بھارت کی جانب سے اب تک سینکڑوں مرتبہ بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا چکی ہیں۔

مزیدخبریں