لاہور: پولیس کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے میں ملوث وکیل اور وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے کی گئی دوسری کارروائی بھی ناکام ہو گئی ہے اور ملزم کارروائی سے پہلے ہی فرار ہو گیا۔
لاہور پولیس نے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے رائے ونڈ میں کارروائی کی لیکن ملزم وہاں سے بھی فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رائے ونڈ میں کارروائی حسان نیازی کے موبائل فون کی لوکیشن اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی لیکن ملزم کارروائی سے قبل ہی فرار ہو گیا۔
دوسری جانب پولیس نے حسان نیازی کو پولیس وین جلانے کے مقدمہ میں نامزد بھی کر لیا ہے۔پی آئی سی میں وکلا اور ڈاکٹروں کے تصادم میں حسان نیازی کی فوٹیجز بھی سامنے آئی تھیں لیکن پولیس نے حسان نیازی کے خلاف کارروائی سے گریز کیا تھا تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد گزشتہ روز حسان نیازی کے گرفتاری کے لیے ان کے گھر چھاپہ مارا گیا لیکن وہ گرفتار نہیں کئے جا سکے۔