ملیکا شراوت کروڑوں کی مقروض ہو گئیں

10:57 PM, 14 Dec, 2017

ممبئی: مایہ ناز بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شراوت اور ان کے شوہر پیرس میں ایک کروڑ سے زائد روپے کے مقروض ہیں جس کے باعث انہیں فلیٹ سے بے دخل کیے جانے کا خدشہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ملیکا شراوت اور ان کے شوہر پیرس میں جس فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں، کرائے کی مد میں اس کے 80 ہزار یورو یعنی 94551 امریکی ڈالر کے مقروض ہیں۔اداکارہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکارہ فلیٹ کا کرایہ ادا نہ کر کے گزشتہ برس اداکارہ کو بلڈنگ میں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے اپنے غصے کا اظہار کرنا چاہتی ہیں۔
دوسری جانب فلیٹ کے مالک کی جانب سے ملیکا شراوت کے فرنیچر اور قیمتی گھڑی کو ضبط کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔فلیٹ مالک کے وکیل کا کہنا ہے کہ متعلقہ جوڑا 14 نومبر تک ان کے موکل کا 78 ہزار 786 یورو کا مقروض ہو چکا ہے۔ وکیل کی جانب سے ایک فرنچ ویب سائٹ کو بتایا گیا کہ ملیکا اور ان کے شوہر باآسانی یہ رقم ادا کر سکتے ہیں لیکن ان کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جا رہے، اور کرائے کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے موکل کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ملیکا شراوت کو پیرس میں رہائش پزیر بلڈنگ کی لابی میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد سے ان کا فلیٹ مالک کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔

مزیدخبریں