ایک بار پھر ملک بدحالی کی جانب جا رہا ہے، نواز شریف

08:15 PM, 14 Dec, 2017

لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہم نے اپنے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے معاشی طور پر استحکام کی جانب گامزن کیا تھا مگر اب ایک بار پھر ملک بدحالی کی جانب جا رہا ہے، سی پیک کے منصوبے بھی اب سستی کا شکار ہوگئے ہیں، منصوبے اب پہلے کی طرح تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک اب بدحالی کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ہم نے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، پاکستان کے اندر اب بجلی آگئی ہے، آج کل بجلی طلب سے بھی زیادہ ہے۔ہمارے دور اقتدار میں دہشت گردی پر بھی کافی حد تک قابو پالیا گیا تھا تاہم اب اس نے پھر سر اٹھالیا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج بھی اب نیچے آگیا، ہمارے زمانے میں چڑھتا تھا اور آگے بڑھتا تھا۔ حکومت کے غیر مستحکم ہوجانے کے اثرات لازمی طور پر پڑتے ہیں اور یقیناً یہ صورت حال افسوسناک ہے۔
سپریم کورٹ 28 جولائی کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فیصلے قوموں کے لیے انتشار کا باعث بنتے ہیں۔

مزیدخبریں