کرپشن معاشروں کی ترقی اور بڑھوتری کو روک دیتی ہے : شاہ سلمان بن عبدالعزیز

کرپشن معاشروں کی ترقی اور بڑھوتری کو روک دیتی ہے : شاہ سلمان بن عبدالعزیز

ریاض :شہزادوں کی گرفتاری کے معاملے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان پہلی مرتبہ کھل کر بول پڑےکہتے ہیں کہ کرپشن معاشروں کی ترقی اور بڑھوتری روک کر انہیں تباہ کردیتی ہے.
جدہ میں شوریٰ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ۔ اس کمیٹی نے گزشتہ ماہ اپنے کام کا آغاز کیا اور منی لانڈرنگ، رشوت ستانی اور کاروباری افراد سے بھتہ خوری میں ملوث 500 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت تھوڑے لوگ کرپشن میں ملوث ہیں اور جو کچھ انہوں نے کیا ہے وہ شہزادوں، وزیروں ، تاجروں، ملازموں اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں کام کرنے والے لوگوں کے اس ملک کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتا، ہمیں ان تمام لوگوں پر فخر ہے جو عزت و احترام کے ساتھ ملکی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مملکت اپنے حال کی ترقی کے ساتھ مستقبل کی تعمیر کرتے ہوئے ترقی ، جدت پسندی اور مستقل تعمیرِ نو کی طرف بڑھ رہی ہے۔ یہ تمام کام ہماری روایات اور اصولوں سے متصادم نہیں ہو سکتے کیونکہ ہمیں اپنی روایات اور بنیاد پرستی پر فخر ہے، ہمارے بیچ ایسے شدت پسندوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے جو جدت پسندی کو گراوٹ سمجھتے ہیں اور مذہب کے نام پر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔