ممبئی :معروف بالی ووڈ اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ جنید جمشید ایک بہترین اور مذہبی شخصیت تھے ‘ طیارے حادثے کا سنا تو بہت دکھ ہوا‘ جنید جمشید بڑے دل کے انسان تھے جس کا احساس ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کے بعد ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بالی ووڈ کے معروف اداکارعامر خان نے جنید جمشید کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید بہت اچھے اور نیک انسان تھے ان سے حج پر تین ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ جنید جمشید بہترین اور مذہبی شخصیت تھے ‘ ان سے حج کے علاوہ لندن میں بھی ملاقات ہوئی تاہم ہرملاقات کے بعد یہ احساس ہوا کہ جنید جمشید کا دل بہت بڑا ہے اور وہ بہت بڑے انسان ہیں“۔عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں طیارہ حادثے اور اس میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بارے میں سنا تو بہت افسوس ہوا جبکہ جنید جمشید کی موت کی خبر کا بہت ہی زیادہ افسوس ہوا۔
بالی ووڈ خان نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اپنا دوست سمجھتا ہوں اور ان کی دل سے عزت کرتا ہوں‘ انہوں نے بتایا کہ والدہ کے ساتھ حج کے موقع پر جنید جمشید‘ شاہد آفریدی اور مولانا طارق جمیل سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں دین کو سمجھنے کا موقع بھی ملا۔