نیویارک: چمکتے دمکتے ائرپورٹوں اور دلکش ائرہوسٹسوں کا تصور کریں تو یوں لگتا ہے کہ فضائی سفر سے زیادہ پرلطف اور خوبصورت تجربہ کوئی نہیں ہو سکتا، لیکن سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام کے پیج Passenger shaming پر نظر ڈالیں تو فضائی سفر کے ایسے افسوسناک پہلو دکھائی دیتے ہیں کہ جن کا کبھی آپ نے تصور بھی نہ کیا ہو گا۔
اس پیج پر ایک تصویر میں ایک نیم برہنہ خاتون اپنی سیٹ پر کچھ ایسے مدہوش نظر آتی ہیں کہ ان کی ٹانگیں اگلی سیٹ پر دھری ہیں۔ ایک اور خاتون اپنی سیٹ پر خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہیں اور ان کے سنہری بال پچھلے مسافر کی انٹرٹینمنٹ سکرین کے سامنے پردہ بنے ہوئے ہیں۔ ایک صاحب اپنی سیٹ پر پتلون اتار کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک اور بوڑھے مسافر نے تو بے حیائی کی ایک نئی قسم متعارف کروادی۔ یہ اپنے ساتھ جنسی گڑیا جہاز میں لے آیا جسے اپنے ساتھ بٹھا کر شیطانی حرکات کررہا ہے۔
ایک ایسے جوڑے کو بھی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے جو فضائی سفرکے دوران ایسے شیطانی فعل کا مظاہرہ کررہا ہے کہ گویا جہاز میں ان کے علاوہ کوئی اور موجود ہی نہ ہو۔ ایک صاحب کے جی میں نجانے کیا آئی کہ سیٹوں کے درمیان بنے راستے پر ہی ڈھیر ہوگئے ہیں۔ ایک ایسی خاتون مسافر کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جس نے خود کو آرام پہنچانے کے لئے اپنی قمیض ہی اتار ڈالی ہے۔ ایک صاحب صرف انڈرویئر میں ملبوس نظر آرہے ہیں۔ شاید یہ جہاز میں کپڑے تبدیل کررہے ہیں۔ بے حیائی کے مناظر کے علاوہ بعض تصاویر میں غلاظت اور کچرے کے بھی ایسے مناظر دکھائی دیتے ہیں کہ انسان دیکھ کر ہی گھبرا جائے۔ غرضیکہ فضائی سفر کے تاریک پہلو دکھانے والے اس ویب پیج پر ایسی بے شمار تصاویر موجود ہیں جو کسی کو بھی حیران کر دینے کے لئے کافی ہیں۔