اسلام آباد :وفاقی کابینہ نےایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کا ای سی سی کا فیصلہ مسترد کردیا ہے۔
ای سی سی نے گزشتہ ہفتے ایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔سمری گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی تھی ۔وزیراعظم کی بروقت مداخلت سے ملک16 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچ گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی درآمد پرتقریبا10 ارب روپے کی لاگت آنی تھی، درآمدی یوریاکے لیے5ارب 86کروڑ روپے سےزائد کی سبسڈی کی ضرورت پڑنی تھی۔
ذرائع کے مطابق درآمدی یوریا کی فی 50کلو بوری7 ہزار332روپے میں پڑنی تھی ، درآمدی یوریا کے فی50 کلوبوری کے لیےلینڈڈ کاسٹ کا تخمینہ 5ہزار 832روپے لگایا گیا تھا، فی50کلوبوری پر این ایف ایم ایل کے1500روپے اخراجات بھی شامل ہونےتھے۔
درآ مدی یوریا کی فی50 کلوبوری مقامی قیمت کےمقابلے2932روپےتک مہنگی پڑنی تھی۔ ٹریڈنگ کارپوریشن نےڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کے لیے ٹینڈرجاری کیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ای سی سی نے کم سے کم قیمت پر موصول بولی کی منظوری دی تھی ، پلانٹس کوگیس کی فراہمی پر یوریا کی کوئی قلت نہیں ہوگی، گیس کی فراہمی معطل کرنے پر3 لاکھ51ہزار میٹرک ٹن یوریاکی قلت کا تخمینہ ہے ، ای سی سی نے 2 اگست کوایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔