اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جشن آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب کے دوران عوام کو بڑی خوشخبری سنادی، کہا کہ چند دنوں میں بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی، چند روز میں عوام سے خطاب کروں گا اور 5سالہ معاشی پروگرام قوم کےسامنے پیش کروں گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جشن آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب کے دوران ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے عوام کو خوشخبری دی کہ حکومت دن رات بجلی کی قیمت کم کرنے کیلئے کام کررہی ہے، وعدہ کرتا ہوں مہنگائی اور بلوں میں کمی کیلئے جان لڑا دوں گا۔بجلی کے بلوں میں کمی کےبغیر عوام کو تسکین نہیں مل سکتی،بجلی کے بل کم کیے بغیر ایکسپورٹ نہیں بڑھ سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی ،بےوزگاری،بجلی کےبلوں سے عوام بہت پریشان ہیں۔عوام کی پریشانی کا مجھے پورا احساس ہے۔ مہنگائی میں کمی اور معاشی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کرپوری قوم کا سرفخر سے بلند کیا، اللہ کا فضل ہے اس نے ہمیں آزادی کی نعمت عطا کی، ارشدندیم قوم کےہیرو ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی، قائداعظم کی لیڈرشپ کی قربانیوں کےنتیجےمیں آزادی ملی، ہندوستان اورسامراج سے آزاد ہوکرپاکستان آزادملک بنا، اس ملک کیلئےجانوں کانذرانہ پیش کرنےوالوں کو بھی سلام پیش کرتےہیں۔ گزشتہ77سال میں ہماراسفرقابل رشک نہیں رہا، تمام بہنوں بھائیوں کوسلام جنہوں نےپاکستان کیلئےخون کانذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کےبلوں سے عوام پریشان ہیں، ہم اس حالت تک کیسے پہنچےاس کی تلاش کرنی ہے، ہمیں احتساب کرکےمستقبل کی منصوبہ بندی کرناہوگی، بدقسمتی سےمعیشت ودیگرشعبوں میں زوال آتارہا۔ہمیں اپنے ماضی کا محاسبہ کر کے آئندہ کی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔