اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے قوم کو 76ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کے ویژن، استقامت اور بے شمار قربانیوں کی یاددلاتا ہے،مسلح افواج عوام کی خواہشات کے مطابق قوم کی خدمت سرانجام دیتی رہیں گی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، سروسز چیفس اورمسلح افواج کی جانب سے وطن عزیز کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئےاپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں اور قائد اعظم کے اس ویژن، استقامت اور ان گنت قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جو قائد اعظم کے ایک آزاد اور خودمختار وطن کے خواب کی خاطر ہمارے بزرگوں نے دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع اور اپنے آباوٴ اجداد کے آزادی کے خواب کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ہمارے اسلاف کے آزادی کے خواب کو پورا کیا۔
آئیے ہم سب عہد کریں کہ جو بھی چیلنجز درپیش ہیں، ان کا سامنا کرتے ہوئے امن و بھائی چارہ برقرار رکھتے ہوئے قوم کو متحد رکھیں گے ،قوم کے درمیان نفاق اور انتشار پھیلانے کی دشمن قوتوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام کے درمیان تقسیم اور دراڑیں ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی ، مسلح افواج قوم کے تعاون سے ہمیشہ مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور امن کا دفاع کرتی رہیں گی، انشاء اللہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کے مطابق قوم کی خدمت جاری رکھیں گے ۔