خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے: آرمی چیف

خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے: آرمی چیف
سورس: File

ایبٹ آباد: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 76 ویں جشن آزادی کے موقع پر آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے قول کہ ’’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی‘‘ کے امین ہیں۔

 پی ایم اے میں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے دستوں نے آزادی پریڈ میں مادر وطن کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا  کاکول اکیڈمی میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانا ہمارا مشن ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ قوم اور فوج میں دراڑ ڈالنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، افواج پاکستان اور عوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

آزادی پریڈ سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللّٰہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں سے مالامال سرزمین ہے۔

جشن آزادی کے موقع پر  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں شدت پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں پاکستان کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ  میں اس موقع پر اپنی عظیم قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خودمختاری اور سالمیت کی خاطر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمیں جغرافیائی، سیاسی تنازعات، طاقت کے حصول کی کشمکش جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، قوم ان چیلنجز خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ، صلاحیت اور قابلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، یہ عناصر معاشرے میں ناامیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں، کوئی ملک اور قوم چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، کشمیری عوام بھی جلد ظالم کے پنجے سے چھٹکارا پائیں گے۔عالمی برادری کا ضمیر احساس کرے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے، بھارت پاکستان کے نظریے سے سمجھوتہ نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آزادی بڑی جدوجہد سے حاصل کی اور اسے کسی قیمت پر ختم نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ تقریب میں رات 12 بجتے ہی پرچم کشائی کی گئی، سب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

مصنف کے بارے میں