اسلام آباد: پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو 76 ویں یوم آزادی کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے مرد،عورتوں اور بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، لوگوں نے حصولِ پاکستان کے عزم اور لگن کی عالیشان مثال قائم کی تھی، پاکستان کے اس قیمتی تحفے کے لیے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔
وزیر اعظم نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کا تصور عظیم تھا، قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، قائد اعظم نے ایک پر امن جمہوری اور سیاسی جدوجہد کی قیادت کی،14 اگست صرف سیاسی آزادی کا جشن نہیں ہے ،ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ علیحدہ وطن کے لیے جدو جہد ایسے خیال کی عکاس ہے جس کی جڑیں بہتر کل کی امید پر مبنی ہیں، یہ خیال ایک ایسے ملک کے لیے تھا جہاں ہمارے لوگ اپنی صلاحیتوں کو تلاش کر سکیں، اپنی شاندار روایات، اخلاقیات، ثقافت اور اقدار کے مطابق امن اور خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیں، کشمیری ظالمانہ بھارتی قبضے کے خلاف مستقل جد و جہد کر رہے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی عوام کو سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی جابرانہ قبضے کے خلاف غیر معمولی جذبے اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا، بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ہم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازعے کے پرامن حل کی وکالت کرتے ہیں۔