لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان اور قوم کی تقدیر بدلیں گے اور ہم کمر بستہ ہو کر اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے جس کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا اور ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے قائد اعظم کی عظیم تحریک میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ خطہ حاصل کیا، ہم نے یہ ملک بے پناہ قربانیوں سے حاصل کیا۔ پاکستان ہمارے آباﺅ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے خون کے دریا عبور کئے اور شہادتیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کمر بستہ ہو کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور اسے اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ہم سب مل کر قوم کی تقدیر بدلیں گے۔ پاکستان آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے حاصل کیا گای، پاکستان کی ترقی کے سفر میں ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شرپسند قوتوں کو ملی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے کچل دیں گے اور مسلح افواد کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے، مایوسیاں پھیلانے والوں کو پھر ہار ہو گی، مقبوضہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی، اللہ تعالیٰ مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے۔