لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاکپ سے قبل ہی بڑا اعزاز ملنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، یہ ایوارڈ 23 مارچ کو دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ستارہ امتیاز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جیولین تھرو ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر نوح بٹ کو بھی پرائیڈ آف پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
واضح رہے کہ ستارہ امتیاز پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہے جو ملک کی سلامتی، عالمی امن، ملکی ثقافت کے فروغ اور عوامی زندگی کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے والوں کو دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ون ڈے اور ٹی 20 رینکنگ میں پہلے اور ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود بابراعظم کے کیرئیر کیلئے رواں سال شاندار رہا جو ورلڈکپ سپر لیگ میں ایک ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے واحد بلے باز ہیں۔
انہوں نے 15 میچوں میں 6 سنچریوں اور 4 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 1083 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 100 سے زیادہ ہے اور اوسط 83 سے زائد ہے۔
بابراعظم کو ایشیاءکپ سے بڑا اعزاز دینے کا اعلان
11:19 AM, 14 Aug, 2022