پولیس کی بکتر بند چھین کر چیلنج کرنے والا ڈاکو مقابلے میں مارا گیا

پولیس کی بکتر بند چھین کر چیلنج کرنے والا ڈاکو مقابلے میں مارا گیا

کراچی : بکتربند گاڑی پر قبضہ کر کے سندھ پولیس کو چیلنج کرنے والا  ڈاکو جنگل تیغانی مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔

سندھ میں کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو شہید اور بکتر بند گاڑی پر قبضہ کرکے ویڈیو میں سندھ پولیس کو چیلنج کرنے والا بدنام ڈاکو جنگل تیغانی ایک ساتھی کے ہمراہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس شکارپور تنویر تنیو کے مطابق ان کی پولیس پارٹی نے جمعہ کو رات خفیہ اطلاع پر شکارپور کے کچے کے علاقے میں ایک کارروائی کی، اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس نے بھی جدید ہتھیاروں سے جوابی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا، مقابلے میں جنگل خان عرف جنگل تیغانی ساتھی سمیت مارا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا وہی خطرناک ملزم ہے جس نے کچھ عرصہ قبل حملہ کرکے کئی پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا اور بکتر بند گاڑی پر قبضہ کرکے ڈانس کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اس نے حکومت اور سندھ پولیس کو چیلنج کیا تھا۔