اشرف غنی کا قوم سے اہم خطاب، بڑی یقین دہانی کروا دی

Afghan President, Ashraf Ghani, Taliban, US forces, NATO

کابل: افغان صدر اشرف غنی نے افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کو دوبارہ متحرک کرنے  کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک بھر میں لڑائی سے بے گھر ہونے والے ہزاروں لوگوں کی مدد کے طریقہ کار پر غور کر رہے ہیں ۔

 ملک کے 34 میں سے 18 صوبوں پر طالبان کے قبضے کے بعد اپنے خطاب میں اشرف غنی نے عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ وسیع مشاورت کی ہے  جس کے نتائج جلد عوام کیساتھ شیئر کیے جائیں گے ۔

واضح رہے کہ اپنے مختصر خطاب تک ، غنی اور ان کی حکومت طالبان کی جنوب ، شمال اور مغرب میں بڑھتی ہوئی پیش قدمی پر خاموش تھے ۔ اس دوران ملک کے زیادہ سے زیادہ صوبے ، بشمول قندھار اور ہرات جو ملک کے بڑے شہر بھی ہیں ، طالبان کے قبضے میں چلے گئے ۔

افغان عوام سے خطاب کرتے ہوئے ، اشرف غنی نے کہا: "میں سمجھتا ہوں کہ آپ اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں ، میں آپ کو بطور صدر یقین دلاتا ہوں کہ میں عدم استحکام ، تشدد اور اپنے لوگوں کی نقل مکانی کو روکنے پر توجہ دوں گا۔"

خیال رہے کہ اشرف غنی کا یہ اعلان ایک ایسے موقعے پر سامنے آیا ہے جب حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو محفوظ بنانے کے لیے تین ہزار امریکی فوجی دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں ۔