راولپنڈی : زہریلا کھانا کھانے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے ۔ زہریلے کھانے سے متاثرہ بچے ایک مدرسے میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔
پولیس کے مطابق تھانہ چونترہ کی حدود میں مدرسے کے تین طالب علم جاں بحق ہوئے، دو بچے مدرسے میں صبح مردہ پائے گئے جبکہ ایک بچے کی حالت تشویشناک تھی جس کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑگیا ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنید، عباد اور اسلام دربار صروبہ کے مدرسے میں طالبعلم تھے، بچوں نے رات کے کھانے کے بعد منتظم سے پیٹ میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد ان کو وقتی طورپر پیٹ درد کی دوا بھی دی گئی ۔
پولیس نے بچوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق واضح ہوں گے ۔