لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانیوں نے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں گراں قدر کردار ادا کیا ۔
یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی شعبے میں ناقابل یقین کامیابیاں حاصل کیں ۔ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کیلئے جذبے سے کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کے فلسفے اور افکار کے مطابق جمہوری اصولوں پر عمل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تہمت بازی ، نفرتوں اور عدم برداشت کا رویہ ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔
سابق صدر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین دیکر اظہار رائے کی آزادی دی ۔ 18 ویں آئینی ترمیم وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان میثاق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر طرح کے شدت پسندوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا کیونکہ شدت پسند ملک اور معاشرے کیلئے خطرہ ہیں ۔
آصف زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کے مطابق ملک کو عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنائیں گے ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ۔