ہمیں آزادی کی قدر اور ملک کی اہمیت سے روشناس رہنا چاہئے: فواد چوہدری

ہمیں آزادی کی قدر اور ملک کی اہمیت سے روشناس رہنا چاہئے: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں آزادی کی قدر اور ملک کی اہمیت سے روشناس رہنا چاہئے اور جھوٹے پراپیگنڈوں سے ہوشیار بھی رہنا چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’ افغانستان کے حکمرانوں نے عشروں ملک کو لوٹا، وسائل ادارے بنانے پر نہیں لگائے بلکہ ذاتی تجوریاں بھریں، اس کا نتیجہ ہے کہ آج ان کا دفاعی حصار ریت کی دیوار ثابت ہوا ہے، ہمیں آزادی کی قدر اور ملک کی اہمیت سے روشناس رہنا چاہئے اور جھوٹے پراپیگنڈوں سے ہوشیار بھی رہنا چاہئے۔‘ 


ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’پاکستان میں بیٹھ کر پاکستان اور فوج کے خلاف ٹرینڈز چلانے والے اور ان کا دفاع کرنے والے آج افغانستان کی صورتحال سے آنکھیں چرا رہے ہیں، عوام صرف تب محفوظ ہوتی ہے جب ادارے مضبوط ہوں، ہمیں اللہ کا شکر کرنا چاہئے کہ پاک فوج اور دیگر ادارے تسبیح جیسی ترتیب میں ہمارے گرد حصار بنائے ہوئے ہیں۔