اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے آزمائشوں کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا ، ہمارا ماضی ، حال اور مستقبل ہماری سمت کا تعین کرتا ہے ۔ پاکستان اب زراعت کے ساتھ صنعتی اور آئی ٹی ملک بنتا جا رہا ہے ۔
ایوان صدر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خطاب میں قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ کتنی مشکلات سے آزادی حاصل کی گئی ۔ اللہ نے مسلمانوں کو مشکل سے نکالا اور جینے کا حق دیا ۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد مختلف حیلے بہانوں سے ہم پر 3 جنگیں مسلط کی گئیں ۔ برصغیر اور اس خطے میں اسلحے کی دوڑ شروع کر دی گئی ۔ ان حالات میں پاکستان کا جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں حالات خراب ہونے پر پاکستان نے دہشت گردی کا سامنا کیا ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی اور مالی نقصان ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دیکر اُن کی مدد کی جبکہ دیگر ممالک کا جائزہ لیں تو وہاں مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے دیا جاتا ہے ۔ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کیا ۔
عارف علوی نے کہا کہ ہم نے کورونا میں مساجد کھلی رکھیں اور وبا کا مقابلہ کیا ، کورونا کے خلاف کامیابی ہم سب کی طاقت ہے ۔ کورونا میں بھی ہماری معیشت ترقی کی طرف گامزن رہی ۔ پاکستان کی برآمدات 31 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں ۔ اسٹاک ایکسچینج نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔ پاکستان ڈیجیٹل بن رہا ہے اور ہم نے مزید آگے بڑھنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو کہا گیا آؤ غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرتے ہیں ۔ بھارت کو ایک بار پھر امن کی پیشکش کرتے ہیں ۔
واضح رہے کہ تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ ، وفاقی وزرا اور تمام سروسز چیفس نے شرکت کی ۔