انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گی

انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں رواں سال اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گی جس دوران ٹی 20 اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کھیلی جائے گی البتہ ویمنز کرکٹ ٹیمیں تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھی آمنے سامنے آئیں گی۔ 
پاکستان اور انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیمیں 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے ٹی 20 میچ میں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی 20 میچز بھی اسی روز شیڈول ہیں۔ 
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول ٹی 20 سیریز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں بے حد اہمیت کی حامل ہے جو اکتوبر میں ہی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں کھیلا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے روانہ ہونے سے قبل بابراعظم اور این مورگن کیلئے یہ آخری ٹی 20 سیریز ہو گی جس میں وہ اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے جبکہ حال ہی میں دونوں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں انگلینڈ نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔