یوم آزادی:وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے ییغامات

03:23 PM, 14 Aug, 2020

اسلام آباد: پاکستان میں آج74واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاک سر زمین کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے گا۔

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا انعام اور نعمت ہے۔ قائداعظمؒ نے مسلمانان برصغیر کو الگ وطن کا تحفہ دے کر احسان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان جیسا عالیشان کوئی ملک نہیں۔ ہمیں آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا ہوگا۔عثمان بزدار نے کشمیراور پاکستان کو لازم وملزوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کو الگ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی سے پاکستان کی تکمیل ہوگی۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مکاری کا ثبوت دیا اور ہر صاحب ضمیر متنازع بھارتی اقدام کو مسترد کر چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کے بعد نئے دور کا آغاز ہوا، انسان جس حال میں بھی ہو آزادی بڑی نعمت ہے۔جام کمال نے کہا کہ امن وامان کےحالات خراب ہونے پر آزادی کوزیادہ محسوس کرتے ہیں۔ تمام پاکستانی ان سے بہتر ہیں جو آزادی سے محروم ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ آزادی کی نعمت ہمیشہ قائم رہے۔ ہمارا فریضہ ہے کہ آزادی اور ملکی استحکام کیلئے کام کریں اور ہر ایک کو اپنےکردار کے حوالے سے ذمہ داری لینا ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زندگی کا حقیقی احساس آزادی کی عظیم نعمت کے بغیر ادھورا ہے۔ آزادوطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پرظلم و جبر دو قومی نظریے کی سچائی پر مہر تصدیق ثبت کررہا ہے۔

مزیدخبریں