اسلام آباد: یوم آزادی کے موقع حکومت پاکستان نے مرحوم صادقین، احمد فراز، ڈاکٹر جمیل جالبی اور مولانا طارق جمیل سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی184 شخصیات کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔
سول ایوارڈز کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ چوبیس شخصیات کیلئے ستارہ شجاعت، ستائیس کیلئے ستارہ امتیاز اور چوالیس شخصیات کیلئے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعلان کیا گیا ہے۔سول ایوارڈز اپنے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے والے ملکی وغیرملکی شخصیات کودیئے جائیں گے۔ معروف شاعر احمد فراز اورعظیم صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کیلئے نشان امتیاز کا اعلان کیا گیا۔
نشانِ امتیاز حاصل کرنے والی دیگر شخصیات میں شہرہ آفاق مصور اور خطاط صادقین نقوی، معروف مصور پروفیسر شاکر علی، مصور اور مجسمہ ساز مرحوم ظہورالحق اور ممتاز ادیب جمیل جالبی شامل ہیں۔سلطانہ صدیقی کیلئے ستارہ امتیاز، علی بابا کے جیک ما کو ہلال قائد اعظم دینے کا اعلان کیا گیا۔بشری انصاری اور طلعت حسین کیلئے بھی ستارہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ فاروق قیصر، نعیم بخاری اور مرحوم عبدالقادر کیلئے بھی ستارہ امتیاز جب کہ سکینہ سموں اور نعمت سرحدی کو پرائیڈ آف پرفارمنس دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔