انڈیا نے اپنے یوم آزادی کے موقع پر رواں برس فروری میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گرائے جانے والے انڈین جنگی طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو ملک کے فوجی اعزاز ’ویر چکر‘ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
ویر چکر انڈیا کا تیسرا بڑا فوجی اعزاز ہے جو کہ میدانِ جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرنے پر دیا جاتا ہے۔رواں برس 27 فروری کو انڈین ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کے طیارے کو پاکستانی فضائیہ کے طیارے نے اس وقت مار گرایا تھا جب وہ لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہوا تھا۔
طیارے کی تباہی کے بعد ابھینندن پاکستانی علاقے میں ہی اترے تھے جہاں انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا اور دو دن بعد انھیں انڈیا کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
ونگ کمانڈر ابھینندن کا طیارہ اس کارروائی کے دوران مار گرایا گیا تھا جسے پاکستان، انڈیا کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور حملے کے جواب میں کی گئی 'جوابی کارروائی' قرار دیتا ہے۔
اس وقت انڈین فضائیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی جانب سے انڈین عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی اور اس کے بعد ہونے والی لڑائی میں ایک پاکستانی ایف 16 طیارہ بھی گرایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ابھینندن کو اس ’ایف 16 طیارے کو گرانے‘ پر ہیرو قرار دیتے ہوئے ویر چکر سے نوازا جا رہا ہے۔
پاکستان نے ایف 16 طیارے کی تباہی کے اس دعوے کو متعدد بار مسترد کیا ہے۔