پاکستان کی پہلی ریموٹ سنسنگ سیٹلائٹ پی آرایس ایس1 نے کام شروع کردیا

11:07 PM, 14 Aug, 2018

اسلام آباد: پاکستان کی پہلی ریموٹ سنسنگ سیٹلائٹ (پی آر ایس ایس 1) نے آج سے کام شروع کر دیا ہے، وزرات منصوبہ بندی کے مطابق پی آر ایس ایس ون کو 9 جولائی کو چین سے خلا میں بھیجا گیا تھا اور آج سیٹلائٹ کا مکمل کنٹرول پاکستان نے سنبھال لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:شیخ رشیدنے اپنے ہی مرنے کی پیشگوئی کر دی ، سب چونک اٹھے 

صدر مملکت ممنون حسین اور نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کو اہم سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی ، دونوں رہنماؤں نے پیغام میں کہا ہے کہ یہ اہم سنگ میل ملک کے 71 ویں جشن آزادی پر حاصل کیا گیا۔

صدر مملکت اور نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ کا خلاء میں بھیجا جانا اور فعال ہونا خلائی انجینئرز کے اعتماد میں اضافہ کرے گا، یہ سیٹلائٹ سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس اہم سنگ میل کو حاصل کرنے پر پاکستانی قوم کو فخر ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 9 جولائی کو سیٹلائٹ پی ایس ایس آر 1 اور پاک ٹیس اے 1 صبح 8 بجکر57 منٹ پر چین سے لانچ کیے گئے جنہیں مکمل طور پر پاکستان میں ہی تیار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے:مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نےپاکستان کا یوم آزادی منا کر بھارتی فوج کے دانت کھٹے کر دیئے
 
 
دفتر خارجہ کے مطابق سیٹلائٹس لانچنگ سے پانی کے بحران، سیلاب اور قحط جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی ، ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ ان سیٹلائٹس کی مدد سے بارش کے پانی کی مقدار کو جانچنے اور اسٹوریج کی پلاننگ میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب پاکستان میں جنگلات کی صورتحال اور پلاننگ میں بھی یہ سیٹلائٹس مددگار ثابت ہوں گے۔
 

مزیدخبریں