دعا ہے پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے:شہباز شریف

12:14 PM, 14 Aug, 2018

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کے دن ہمیں ذاتی پسند ناپسند سے علیحدہ ہونا ہو گا۔ دعا ہے پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے۔


لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عام انتخابات کے نتائج کو خوشیوں میں شامل نہیں کرپائے، الیکشن 2018 میں بدترین دھاندلی ہوئی، ہمیں انتخابات میں دھاندلی کا کھوج لگانا ہوگا اور دھاندلی زدہ الیکشن کو دھاندلی زدہ کہنا ہو گا۔


انہوں نے مزید کہا کہ کل قومی اسمبلی میں اس لیے آئے کہ ملک میں جمہوریت کی شمع روشن رکھ سکیں، آج بھی جمہوریت کی کشتی بھنور سے نہیں نکل سکی، جمہوریت کے ذریعے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ دعا ہے پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے۔


واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے وفاق میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی۔


کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض پاک آرمی نے سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ فرائض پنجاب رینجرز کے پاس تھے اس موقع پر رینجرز اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

مزیدخبریں