70واں یوم آزادی، ملک بھر میں جشن کا سماں، سبز ہلالی پرچموں کی بہار

09:24 AM, 14 Aug, 2017

لاہور: خدا کرے میری ارض پاک پر اترے وہ فصلِ گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو۔ آزادی کے ستر سال مکمل ہونے پر کراچی سے خیبر تک شہری یوم آزادی کے موقع پر خوشی سے نہال ہو گئے۔ اہم عمارات، بازار اور گھر سج گئے۔

دن کا آغاز اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

مساجد میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریبات ہوئیں۔ کراچی میں مزار قائد پر پاک بحریہ کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈورعدنان احمد نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔

کراچی میں مزار قائد پر 70ویں جشن آزادی کی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے۔ سندھ کابینہ کے ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی جبکہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

لاہور میں پرچم کشائی کی اہم تقریب مزار اقبال پر حضوری باغ میں ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب ،شریف شہباز شریف نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کیلئے لاکھوں افراد نے جانوں کی قربانیاں دیں اور پاک سرزمین کے حصول کیلئے مسلمانوں نے خون کی ندیاں عبور کیں۔

انہوں نے کہا پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت سے وجود میں آیا تاہم ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔

صوبائی دارلحکومت لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی بھی پر وقارتقریب ہوئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لئے۔ مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض اس سے پہلے رینجرز ادا کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے بلوچستان میں خوشحالی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں کیونکہ ماضی کی ناقص پالیسیاں بلوچستان کے مسائل کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے اور موجودہ صورتحال میں ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ وطن عزیز کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

پشاور میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی۔ پرچم کشائی سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معرض وجود میں آئے ستر سال ہو گئے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو بنانے کیلئے جدوجہد کی تھی آج ہم نے قائد اعظم کے پاکستان کو مزید بہتر بنانے کیلئے جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے کہا اس ملک کی آزادی کیلئے ہم نے قربانیاں دی ہیں اور وطن عزیز کی بہتری کیلئے ہمیں متحد ہونا ہو گا ۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے کا مقصد شہریوں کو انصاف اور قانون کی بالادستی کی فراہمی تھی ، تحریک انصاف اسی مقصد کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر مہر تارج روغانی، صوبائی وزراء ، آئی جی خیبر پختونخوا سمیت اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضاء میں کبوتر بھی آزاد کئے گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں