پنجاب کے سکولوں میں گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر نافذ

01:05 PM, 14 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے حفاظتی اقدامات فوری طور پر نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ کے لیے ٹھنڈے اور صاف پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ بچوں کو روزانہ 8 سے 10 گلاس پانی پینے اور ریفیلیبل بوتل ساتھ لانے کی تلقین کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سکول انتظامیہ کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ کلاسز کو ممکنہ حد تک سایہ دار اور ہوا دار کمروں میں منتقل کیا جائے، تاکہ گرمی کا اثر کم ہو۔

گرمی کی شدت کے باعث آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے، جب کہ طلبہ اور عملے کو ہیٹ اسٹروک کی علامات، بچاؤ اور ابتدائی طبی امداد سے آگاہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام سکولوں میں فرسٹ ایڈ کٹس کی دستیابی اور عملے کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل کے لیے تربیت دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے تمام ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ طلبہ کو محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں