لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیساکھی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بیساکھی پنجاب کا ایک خوبصورت زرعی اور ثقافتی تہوار ہے جو کسان کی محنت اور فصل کی کٹائی کی خوشی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے دن سنہری گندم کے خوشے خوشحالی کا پیغام لاتے ہیں، اور یہ دن کسانوں کی محنت کا صلہ ہے۔ مریم نواز نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال کرتارپور میں بیساکھی کے موقع پر گندم کی کٹائی کی خوشی آج بھی ذہن میں تازہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہیں فخر ہے کہ پنجاب میں پہلی بار گندم اگانے والے کسانوں کو ایک ہزار مفت ٹریکٹر دیے گئے، جبکہ بیج، کھاد اور زرعی آلات کی صورت میں کسانوں کو اربوں روپے کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔