اسرائیلی فوج کا غزہ کے العہلی ہسپتال پر حملہ، متعدد بلاک تباہ، مریض اور پناہ گزین بے یار و مددگار

10:37 AM, 14 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں واقع العہلی عرب ہسپتال پر شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں ہسپتال کے متعدد اہم شعبے مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ مریضوں اور پناہ گزینوں کو ہسپتال خالی کرنے پر مجبور کر دیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق حملے میں ہسپتال کا استقبالیہ، ایمرجنسی یونٹ اور انتہائی نگہداشت وارڈ (ICU) میں موجود میڈیکل آکسیجن اسٹورج بلاک مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ بمباری کے وقت ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں بے گھر فلسطینی خاندان بھی موجود تھے، جو ہسپتال کو محفوظ پناہ گاہ سمجھ کر وہاں مقیم تھے۔

اسرائیلی فوج نے حملے کے بعد ہسپتال کے عملے اور موجود افراد کو فوری طور پر عمارت خالی کرنے کا حکم دیا، جس کے باعث مریضوں، بچوں اور بزرگوں کو کھلے آسمان تلے قریبی گلیوں میں پناہ لینا پڑی۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں میں اب تک 50 ہزار 944 فلسطینی شہید جبکہ 1 لاکھ 16 ہزار 156 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ طبی ماہرین اور انسانی حقوق کے ادارے العہلی ہسپتال پر حملے کو جنگی جرم قرار دے رہے ہیں اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں