لاہور:شہباز حکومت نے عوام کو ریلیف پیکج دینے کیلئے یوٹیلیٹی سٹور پر عائد تمام پابندیاں ہٹانے کی سمری تیار کر لی جو وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کی جائے گی ،منظور ہونے کے بعد جمعہ تک فیصلے کا اعلان متوقع ہے،شرط ختم ہونے کے بعد ہر خاص و عام اشیاء ضروریہ خرید سکے گا، اشیاء کی خریداری کی حد بھی ختم کر دی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کیلئے سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار نے سمری تیار کر لی ہے ،جو منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی ، شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا جا رہا ہے، شرط ختم ہونے کے بعد ہر خاص و عام اشیاء ضروریہ خرید سکے گا، حد بھی ختم کرد ی جائے گی تاہم چینی اور آٹا کے تھیلے کی ایک یا دو عدد کی حد مقرر کیے جانے پر غور ہو رہا ہے ۔
اس سے قبل تحریک انصاف حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کیلئے شناختی کارڈ کی شرط رکھی تھی،ایک شناختی کارڈ پر پانچ ہزار روپے کی اشیاء خریدی جا سکتی ہیں، وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت ماہ رمضان میں 8 ارب 28 کروڑ روپے کا پیکیج دیا گیا ہے۔
رمضان ریلیف پیکج کے تحت عوام کو اسٹورز پر سستی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں،یوٹیلیٹی اسٹورز پر 19 اشیاء مارکیٹ کے مقابلے میں 15 فیصد تک سستی ہیں ۔