لاہور: پاکستان کے نامور ہدایتکار سید نور نے فلم انڈسٹری کے حوالے سے اہم انکشافات کردئیے۔
نیو ٹی وی کے پروگرام ’جی سرکار‘ میں میزبان نعمان اعجاز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے سید نور نے فلم انڈسٹری کے زوال کے حوالے سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہماری فلم انڈسٹری میں آج بھی قدیم دور کے کیمرے اور آلات استعمال کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے انڈسٹری میں کبھی بھی معیاری فلمیں نہیں بن سکیں گی۔
سید نور کا مزید کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کے زوال میں ہمارے پروڈیوسر کا بہت زیادہ قصور ہے کیونکہ اُن کے پاس مناسب سامان کا بہت زیادہ فقدان ہے۔
خیال رہے کہ سید نور نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں بطور ہدایت کار ایس سلیمان کے اسسٹنٹ کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی، وہ صرف فلموں کی ہدایت کاری ہی نہیں کرتے بلکہ اُن کی کہانی بھی لکھتے ہیں۔انہوں نے اب تک تقریباً 250 فلمیں لکھی ہیں اور اس سے بھی زیادہ کی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔ سید نور کی نئی آنے فلم ’ تیری بجرے دی راکھی‘ جو عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔