جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہو گی، فواد چوہدری

08:20 PM, 14 Apr, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہو گی جبکہ پولیس اور اداروں پرتشدد میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ جمہوریت میں مختلف حلقوں کو نقطہ نظر کی اجازت ہوتی ہے لیکن حکومت کو بزور طاقت کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا جبکہ پولیس اور اداروں پرتشدد میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے ہمارا فخر ہیں جبکہ پوری دنیا میں وردی پہنے افراد ریاست کی عزت اور بقاء کی علامت سمجھے جاتے ہیں اور ان کی عزت اورناموس کا تحفظ ہر شہری پر ایسے ہی لازم ہے، جیسے ریاست سے وفاداری کا اصول جن لوگوں نے یہ اصول پامال کیا وہ قومی مجرم ہیں اور ان سے وہی سلوک ہونا چاہئے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا اور پنجاب حکومت نے تنظیم پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے، ہم پابندی سے متعلق سمری کابینہ کو بھیج رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی حالات کی وجہ سے نہیں تحریک لبیک کے کردار کی وجہ سے پابندی لگائی جارہی ہے جب کہ میں نے کبھی بھی اس جماعت کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی کبھی خادم حسین سےملا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری ان کو منانےکی کوششیں ناکام ہوئیں، یہ فیض آباد آنا چاہتے تھے، ہم قرار داد اسمبلی میں اتفاق رائے سے پیش کرنا چاہتے تھے، ہماری بڑی کوششیں تھیں لیکن وہ ہر صورت فیض آباد آنا چاہتے تھے، یہ ایسا مسودہ چاہتے تھے کہ یورپ کے سارے لوگ ہی واپس چلے جائیں۔

مزیدخبریں