اپنی بہنوں سے کہتی ہوں کہ ونڈو شاپنگ سے پرہیز کریں اور گھروں میں رہیں: فردوس عاشق اعوان

06:27 PM, 14 Apr, 2021

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپنی بہنوں سے کہتی ہوں ونڈو شاپنگ سے پرہیز کریں اور گھروں میں رہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدر آمد کروانے کی بھی ضرورت ہے، بدقسمتی سے عوام کورونا وائرس کی ایس او پیز کو پاؤں کے نیچے روند رہے ہیں۔ میں اپنی بہنوں سے کہتی ہوں کہ گھروں میں رہیں اور مردوں کو خریداری کیلئے بھیجیں، ونڈو شاپنگ کیلئے آنے والے خود کو اور دوسروں کو بچائیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی کے پیچھے مختلف نیٹ ورک کام کر رہے ہیں یہ نیٹ ورک نہ ہوتے تو ملک آج اجناس میں خود کفیل ہوتا، ہم عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور سبسڈی کی شکل میں مختلف پیکیجز دے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے حکومتی پالیسیوں پر اس کی روح کے مطابق عملدر آمد نہیں ہو رہا، مختلف مافیاز چینی کی قلت پیدا کر رہے ہیں، رمضان بازاروں میں کام کرنے والی ٹیموں کو خود بریف کروں گی۔

مزیدخبریں