پی ڈی ایم ٹوٹی نہیں صرف اختلافات ہیں، جلد حل کیا جا سکتا ہے: سلیم مانڈوی والا

12:18 PM, 14 Apr, 2021

اسلام آباد: سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم ماونڈوی والا نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم ابھی تک برقرار ہے، تاہم اس میں اختلافات پیدا ہو چکے ہیں جنھیں دور کیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر نوٹس بھیج کر غلطی ہوئی تو معافی مانگ لینی چاہیے تھی۔ کسی پارٹی کو حق نہیں کہ دوسری کو شوکاز نوٹس جاری کرے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن جو باتیں اب کر رہے ہیں، پہلے کرتے تو کوئی پارٹی چھوڑ کر نہ جاتی۔

انہوں نے اس موقع پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو نیب کا ایشو پارلیمنٹ میں اٹھانا چاہیے، ورنہ یہ ملک کو تباہ کرکے رکھ دے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی عملی طور پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے علیحدہ ہو چکی ہیں۔ دونوں جماعتوں نے اپنے استعفے مونالا فضل الرحمان کو پہنچا دیئے ہیں۔

گزشتہ روز اسی سیاسی صورتحال کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اپوزیشن اتحاد کے مستقبل بارے تبادلہ خیالات کیا گیا۔

بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے ''باپ'' کو باپ بنا لیا۔

پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے اس ذومعنی بیان کی شدید الفاظ میں تنقید کی گئی ہے۔ قمر زمان کائرہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا الفاظ کا چناؤ اچھی طرح کرنا جانتے ہیں، انھیں ایسی بات نہیں کرنا چاہیے تھی۔

مزیدخبریں