راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت کا ایل او سی پر اشتعال انگیزی اور خلاف ورزی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
بھارتی 15ویں کور کے کمانڈر کے بی بی سی کو انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ بھارتی 15 کور کے کمانڈر کا بی بی سی کو انٹرویو حقائق کے منافی ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں افراد داخل کرنے کا بھارتی الزام درست نہیں۔ بھارتی الزام تراشی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ مودی حکومت کو کشمیر میں حالات بہتربنانے پر توجہ دینا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ایک منصوبہ بندی کے تحت دنیا کی توجہ 5 اگست 2019ء کے غیر آئینی فیصلے اور صورتحال سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارتی لیڈرشپ کو اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔ بھارتی قیادت نے کورونا کی صورتحال پرقابر پانے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔